Download Urdu Font ipaki.com
News Islam Pakwan Urdu Adab Women Children
Special Occassion Collection at IndusMart.com


  اردوادب | مزاحيہ مضامين | ابن انشاء
سلطان محمود غزنوي
يہ غزنوي خاندان کا سب سے مشہور بادشاہ تھا، اس نے ہندوستان پر سترہ حملے کئے، شروع کے حملوں ميں تو وہ چند ناگزير وجوہات سے واپس جاتا رہا، آخر ہندوستان کو فتح کرليا اس نے سومنات کا بت بھي توڑا جس ميں سے زر جواہرات کا بہت بڑا خزانہ نکلا، ہر چند کہ سومنات کو اس نے صرف اپنا فرض سمجھتے ہوئے توڑا تھا، روپے کے لالچ ميں نہيں، تاہم ان زر و جواہرات کو اس نے پھينک نہيں ديا، اونٹوں پر لدوا کر اپنے ساتھ غزني لے گيا۔
اياز اس کا غلام تھا، علامہ اقبال سے روايت ہے کہ جب عين لڑائي ميں نماز کا وقت آتا تو  تو يہ دونوں  يعني محمود اور اياز ايک صف ميں کھڑے ہوجاتے تھے، باقي فوج لڑتي رہتي تھي۔
محمود پر الزام لگا ديا جاتا کہ اس نے فردوسي سے شاہنامہ لکھوايا اور اس کي ساٹھ ہزار اشرفياں نہیں ديں، بلکہ ساٹھ ہزار روپے دے کر ٹر خانا چاہا، يہ الزام بے جا ہے، بيشک وعدہ ايک اشرفي في شعر کا کيا گيا تھا ليکن اس وقت گمان نہ تھا کہ فردوسي واقعي يہ کتاب لکھنے بيٹھ جائےگا اور اس کو اتنا لمبا کر دے گا، يہ کتاب جناب حفيظ جالندھري کے شاہنامہ اسلام کي طرز پر لکھي گئي تھي، فردوسي چاہتا تو بہت تھوڑے صفحوں پر ايران تاريخ بيان کرسکتا تھا، کہ فلاں نے فلاں بادشاہ کو مارا وغيرہ، ليکن وہ اس ميں پہلوانوں اور اثردہوں وغيرہ کے قصے ڈال کر لمبا کرتا چلا گيا، بھلا ايک کتاب کي ساٹھ ہزار اشرفياں دي جاسکتي ہيں کيا، بجٹ بھي تو ديکھنا پڑتا ہے، محمود کي ہم تعريف کريں گے کہ پھر بھي ساٹھ ہزار روپے کي رقم  فردوسي کو بھجوائي خواہ اس کے مرنے کے بعد ہي بھجوائي، آج کل کے پبلشر اور قدردان تو مرنے کے بعد بھي مصنف کو کچھ  نہيں ديتے، ساٹھ ہزار روپے تو بہت بڑي رقم ہے، ان سے ساٹھ روپے ہي وصول ہوجائيں تو مصنف اپنے کو خوش قسمت سمجھتا ہے۔
پس ثابت ہوا کہ سلطان موصوف بہت فياض تھا۔ محمود غزنوي نے ہندوستان پر سترہ کيا کئے تھے؟
محمود غزنوي نے سترہ حملے کس ملک پر کئے تھے؟
ہندوستان پر سترہ حملے کس بادشاہ نے کئے تھے۔ سچ سچ بتائو؟
محمود غزنوي نے ہندوستان پر اٹھارہ حملے کيوں نہيں کئے؟ سترہ پر اکتفا کي؟
Please use the forum for any questions!
This page has 2 comments. View/Add comments.
New Page 1 iPaki News Jobs at  Ipaki.com iPaki Classifieds iPaki Music iPaki Forum iPaki Yellow Pages Ecards iPaki Urdu